دھارواڑ 7 اکتوبر(ایس او نیوز) ضلع میں کورونا پر قابو پانے کے لئے لوگوں کو ماسک پہن کر گھر سے نکلنا ضروری قرار دیا گیا ہے، کورونا پر قابو پانے حکومت نے ماسک پہنے بغیر باہر جانے پر جرمانہ کی رقم سو اور دو روپیہ سے بڑھا کر ایک ہزار بھی کردی تھی مگر پھر عوام کی طرف سے مخالفت کو دیکھتے ہوئے جرمانہ کی رقم گھٹا کر 250 روپیہ گردی گئی۔ مگر ان سب کے باوجود کئی لوگوں کا بغیر ماسک پہنے گھروں سے باہرنکلنے کا سلسلہ جاری ہے جس کو دیکھتے ہوئے اب ضلعی انتظامیہ نے نیا منصوبہ بناتے ہوئے ماسک نہ پہننے والوں کو کوویڈ جانچ سینٹر بھیجنا شروع کردیا ہے اور ماسک نہ پہننے والوں کے تھوک کے سیمپل لے کر اُن کی کوویڈ جانچ شروع کردی ہے، ساتھ ساتھ اُن سے ماسک نہ پہننے پر جرمانہ بھی عائد کیا جارہا ہے۔
دھارواڑ کے مختلف علاقوں میں منگل سے ضلع انتظامیہ، مہانگر پالیکے، محکمہ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیر اور محکمہ پولس کی جانب سے ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ عائد کئے جانے کے ساتھ ساتھ انہیں کوویڈ جانچ سینٹر روانہ کرنے کی کاروائی شروع کی گئی۔اس موقع پر ضلع پنچایت کے چیف ایکزی کوٹیو آفسر ڈاکٹر بی سی ستیش، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر گوپال کرشنا، مہانگر پالیکے کے آفسر ڈاکٹر سریش ایتنال سمیت کئی دیگر آفسران موجود تھے۔ آفسران نے بائک پر بغیر ماسک پہنے گذرنے والوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ آٹو رکشہ ، میکسی کیاب اور دیگر سواریوں کے ڈرائیوروں سمیت مسافروں کو بھی پکڑ پکڑ کر کوویڈ جانچ سینٹر روانہ کیا اور ان کی کوویڈ جانچ کے لئے تھوک کے سمپل لئے گئے۔ اس موقع پر آفسران نے بتایا کہ کورونا پر قابو پانے کے لئے ہم ہرممکن اقدامات اُٹھارہے ہیں، ایسے میں عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کوویڈ وباء کی روک تھام کے لئے ہر طرح کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں جس میں ایک ماسک کا پہننا بھی ہے۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع کے ڈپٹی کمشنر نتیش پاٹل نے بتایا کہ کوویڈ پر قابو پانے کے لئے اس طرح کی بیداری مہم شروع کی گئی ہے۔ مزید بتایا کہ جرمانہ عائد کئے جانے کی بات معلوم ہونے کے باوجود ہر روز 500 سے 600 لوگ بغیر ماسک پہننے پکڑے جارہے ہیں اور اب تک ضلعی انتظامیہ نے 35 لاکھ روپیہ بطور جرمانہ وصول کیا ہے، اب ہم نے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ بغیر ماسک پہنے لوگوں کو کوویڈ جانچ سینٹر بھیج کر اُن کی کوویڈ جانچ شروع کرنے کی مہم شروع کی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ اب عوام ماسک پہن کر ہی گھر سے نکلنا شروع کریں گے۔